دھرمیندر کی 88 ویں سالگرہ کا کیک توجہ کا مرکز بن گیا

December 08, 2023

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

بالی ووڈ انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر سنگھ دیول آج اپنی 88 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

کئی سُپر ہٹ فلمیں دینے والے مایہ ناز اداکار کی سالگرہ کے موقع پر ان کے گھر کے باہر مداحوں کا رش لگ گیا تاہم تمام تر توجہ مداحوں کی جانب سے تیار کیے گئے ان کی سالگرہ کے کیک نے سمیٹ لی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر سینئر اداکار دھرمیندر کو اپنے گھر کے باہر بیٹے سنی دیول اور مداحوں کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر مداحوں کی جانب سے پیش کیا گیا اداکار کی سالگرہ کا 7 منزلہ کیک مختلف رنگوں کے پھولوں کے علاوہ دھرمیندر کی یادگار تصاویر اور سنہرے تاج سے سجایا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار کی سالگرہ کے موقع پر ان کے بچوں ایشا دیول، آہنا دیول، سنی دیول اور بابی دیول کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی جبکہ ساتھی فنکار اور مداح بھی نیک تمنائیں بھیج رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دھرمیندر سنگھ دیول بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1960ء میں فلم ’دل بھی تیرا ہم بھی تیرے‘ سے کیا تاہم ’پھول اور پتھر‘ ان کی وجۂ شہرت بنی، جس نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔

انہوں نے اپنی بے مثال اداکاری کے جوہر ڈریم گرل اور شریکِ حیات ہیما مالینی کے ساتھ بھی کئی فلموں میں دکھائے۔

ان کی مشہو ر فلموں میں شعلے، آزاد ، دوست، چچا بھتیجا، راجا رانی، نوکر بیوی کا، بغاوت، دھرم ویر اور راج تلک قابلِ ذکر ہیں۔