• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرضوں میں پھنس گئی تھی، ایک کال نے زندگی بدل دی: فیصل قریشی کی والدہ کا انکشاف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی سینئر اداکارہ افشاں قریشی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور کے مشکل مرحلے سے پردہ اٹھا دیا۔

انہوں نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ تھیٹر کے ایک ناکام منصوبے کے باعث میں شدید مالی نقصان اور قرضوں میں پھنس گئی تھی، تاہم ایک غیر متوقع پروجیکٹ نے میری زندگی کا رخ بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔

سینئر اداکارہ نے اپنے کیریئر کے ابتدائی برسوں میں کراچی منتقل ہونے کے بعد پیش آنے والی مشکلات کو یاد کیا ہے۔

افشاں قریشی نے انکشاف کیا کہ مالی بحران کے باوجود میں نے کام جاری رکھنے کا عزم برقرار رکھا اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے ہاتھ سے تیار کردہ اشیاء بنا کر فروخت کیں۔

سینئر اداکارہ نے بتایا ہے کہ 1980ء میں کراچی منتقل ہونے کے بعد میں نے ایک اسٹیج ڈرامہ پروڈیوس کیا تھا تاہم یہ پروڈکشن اس وقت بڑے مالی نقصان میں تبدیل ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ بعض فنکاروں نے میرے ساتھ تعاون نہیں کیا اور پیشگی معاوضے کا مطالبہ کیا تو فنکاروں کو رقم ادا کرنے کے لیے مجھے اپنی گاڑیاں تک فروخت کرنا پڑیں، ادائیگیاں کرنے کے باوجود کئی فنکار پروڈکشن چھوڑ کر چلے گئے، جس کے نتیجے میں مجھے بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

افشاں قریشی نے مشکل حالات میں ہمت ہارنے کے بجائے اپنے اخراجات پورے کرنے کا ایک اور راستہ تلاش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے مکرامے (ایسی دستکاری جس میں دھاگوں یا رسیوں کو مخصوص انداز میں گرہیں لگا کر مختلف اشیاء تیار کی جاتی ہیں) کا کام شروع کر دیا، اپنی تیار کردہ اشیاء کراچی کے ایک بازار میں فروخت کرتی تھیں۔

افشاں قریشی کا کہنا ہے کہ کئی ماہ کی مشکلات کے بعد ایک وقت ایسا آیا جب میں نے اللّٰہ سے مدد مانگی اور کچھ ہی عرصے بعد ایک ہدایت کار نے ڈرامے میں کام کی پیشکش کی جو ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔

اداکارہ نے خود کو محنتی خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے مالی بحران کو اپنے حوصلے پر حاوی نہیں ہونے دیا اور حالات سے نمٹنے کے لیے مسلسل راستے تلاش کرتی رہی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید