پاکستانی کوہ پیما سعد منور نے امریکا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی پر اذان دینے کا اعزاز حاصل کرلیا

February 19, 2024

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستانی کوہ پیما سعد منور نے ایشیاء سے باہر دنیا کی بلند ترین پہاڑ ایکونکواگوا کی چوٹی پر اذان دینے اور پاکستان کا جھنڈا بلند کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کوہ پیما سعد منور نے اذان دیتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں انہیں مغربی امریکا کے ملک ارجنٹینا میں واقع دنیا کی بلند ترین پہاڑوں میں سے ایک ایکونکواگوا کی چوٹی پر اذان دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے انسٹاپوسٹ کے کیپشن میں اس اعزاز کو حاصل کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے اظہار تشکر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمدللہ، اللہ سبحان و تعالیٰ نے مجھے ایشیاء سے باہر دنیا کے بلند ترین مقام پر اذان دینے کا موقع دیا۔ اللہ اکبر اللہ اکبر.


گزشتہ ہفتے شیئر کی گئی سعد منور کی مذکورہ ویڈیو کو 30 ہزار بار دیکھا اور 4 ہزار سے زائد بار پسند کیا جا چکا ہے۔ ان کی وائرل ویڈیو پر صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے انہیں اس اعزاز پر مبارکباد دی، انہیں خوب سراہا اور ان پر فخر کا اظہار بھی کیا ہے۔