ڈیٹا چوری پر نادرا میں ایک درجن کے قریب افسران کے خلاف تادیبی کارروائی

March 27, 2024

ڈیٹا چوری ہونے کے معاملے پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سفارش پر کارروائی کا آغاز کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا میں ایک درجن کے قریب افسران کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے، 8 سے زائد افسران کو معطل کرکے چارج شیٹ دے دی گئی۔

ترجمان نادرا نے ادارے میں جے آئی ٹی کی روشنی میں کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں جے آئی ٹی سفارشات کی روشنی میں انضباطی کارروائی شروع کردی ہے۔

ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ ڈیٹا پرائیویسی اور عدالتی نوعیت کی کارروائی کے باعث انفرادی نام جاری نہیں کر سکتے۔