سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی نے جرمانہ کرنے کے اختیارات مانگ لئے

March 28, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی طریقے سے کچرا پھینکنے والوں کے خلاف جرمانہ کرنے کے اختیارات مانگ لئے،وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈصفائی میں مزید بہتری کے لئے بلدیاتی اداروں اور دیگر اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ ہر گلی، محلہ، بازار، اور دکانداروں تک پیغام پہنچائیں اورپابند کریں کہ وہ ڈسٹ بن میں کچرا ڈالیں، سڑکوں پر کچرا نہ پھینکیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے سڑکوں کے کنارے مٹی صاف کرنے کی ہدایت دی ،انہوں نے کہا کہ جب سڑکوں پر ٹریفک کم ہو اس وقت سڑکوں کی مٹی صاف کی جائے،اورحکمت عملی بنائیں کہ ہفتے کے ساتوں دن صفائی کا کام انجام دیا جائے۔ اس موقع پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈسید امتیاز علی شاہ نے وزیر بلدیات کو بریفنگ دی ۔