آئی جی کا اجلاس، کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

March 29, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سندھ میں کچےکے ایریا کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں یقینی کامیابی کے لیے غیر معمولی حکمت عملی اور لائحہ عمل اختیار کرنے اور فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے جملہ امور و اقدامات پر بات چیت کی گئی اور اس ضمن میں قرار واقعی اور نتیجہ خیز اقدامات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں شریک ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پیز،گھوٹکی،سکھر،شکارپور اور کشمور/کندھ کوٹ نے بذریعہ ویڈیو لنک کچے کے ایریا کے ڈاکوؤں کے خلاف غیر معمولی حکمت عملی و انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز جیسے اقدامات کے نتائج اور کامیابی پر علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی اور آپریشن کی متفقہ طور پر تائید و توثیق کی۔اجلاس میں سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب بھی موجود تھے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ کچے کے ایریاز میں ڈاکوؤں کے خلاف منظم کارروائیوں اور مغویان کی صحیح سلامت بازیابی کے لیے سی پی ایل سی سے ٹیکنیکل سپورٹ کو بھی ممکن بنایا جائے گا اور اس حوالے سے پولیس اور سی پی ایل سی کا اشتراک یقیناَ مفید اور ثمر آور ثابت ہوگا۔