فلسطینی بچوں کا نعرۂ تکبیر بلند کر کے عید الفطر کا جشن، ویڈیو وائرل

April 11, 2024

گزشتہ 6 ماہ سے اسرائیلی جارحیت اور جنگ کے گہرے سائے میں شب و روز گزار نے والے فلسطینی بچوں نے نعرۂ تکبیر بلند کر کے عید الفطر کا جشن منایا جو کہ دیدنی تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں کمسن فلسطینی بچوں کو عید کا جشن مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ویڈیو میں یہ بچے ہاتھوں میں خالی برتن اُٹھائے، بے سر و سامانی کی حالت میں بھی پُر سکون دکھائی دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مذکورہ ویڈیو میں فلسطینی بچوں نے عید الفطر کی تقریبات کا آغاز نعرۂ تکبیر سے کیا۔

اس وائرل ویڈیو میں بچے اللّٰہ اکبر کا نعرہ بلند کرنے کے ساتھ اس کے واحد ہونے کی بھی تسبیح پڑھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 122 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک فلسطینی شہداء کی تعداد 33 ہزار 482 ہو گئی ہے، شہداء میں 14 ہزار 500 بچے اور 9 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 76 ہزار 49 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 8 ہزار افراد لاپتہ ہیں۔