ایران کا اسرائیل پر حملہ، چین نے کیا کہا؟

April 14, 2024

فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ایران اسرائیلی کشیدگی پر چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال کی وجہ غزہ تنازع ہے۔

ایک بیان میں چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل کی اسرائیل حماس سیز فائر کے لیے قرار داد پر فوری عمل کیا جائے۔

چین کا کہنا ہے کہ متعلقہ فریقین مزید کشیدگی بڑھنے سے روکنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں۔

دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق چین نے اسرائیل پر ایرانی حملے سے پیدا کشیدگی پر شدید اظہار تشویش کیا ہے۔

ایران نے قونصل خانے پر حملے کا اسرائیل کو جواب دیدیا

واضح رہے کہ ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دے دیا۔

ایران نے اسرائیل پر ڈرون اور کروز میزائلز سے حملے کیے ہیں، 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل کے مختلف علاقوں میں رات گئے سائرنز بج گئے، اسرائیل نے کئی ایرانی ڈرونز اور میزائلز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیل فوج کے ترجمان نےکہا ہے کہ ایران نے 200 سے زائد ڈرونز اور میزائل داغے، ایرانی حملوں میں 1 لڑکی زخمی اور ایک فوجی تنصیب کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

امریکی سیکیورٹی ذرائع نے اردن کی سرحد پر متعدد ایرانی ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اردن کے جیٹ طیاروں نے بھی شمالی اور وسطی اردن سے اسرائیل کی طرف جاتے درجنوں ایرانی ڈرونز مار گرائے۔

ادھر برطانیہ نے بھی کئی جنگی اور ری فیولنگ ٹینکر طیارے خطے میں بھیج دیے، برطانوی حکومت کے مطابق طیاروں کو فضائی حملے روکنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔