احسن اقبال نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اضافی چارج سنبھال لیا

April 15, 2024

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ کا چارج سنبھالنے کے بعد احسن اقبال کو سیکریٹری ندیم ارشاد کیانی نے وزارت کے اہم معاملات سے متعلق بریفنگ دی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ 18ویں ترمیم کا مطلب یہ نہیں کہ وفاق کو آرڈنیشن سے بھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کو آرڈنیشن نہ ہو تو نیشنل پوٹینشل یکجا نہیں ہوتا ہے، اسپورٹس اور ٹورازم بین الصوبائی رابطہ کے اہم شعبے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نیشنل ٹورازم کونسل کا قیام ضروری ہے جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں پاکستان ہمیشہ 10 سے 12 میڈلز لیتا تھا، آج وہاں ملک کا نام و نشان تک نہیں ہے، ہمیں 2025 کو کھیلوں کے احیاء کا سال ڈکلیئر کرنا ہوگا۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ میں اعلیٰ ٹیلنٹ کے افراد کو ممبر بنایا جائے گا، کھیلوں کو گروہ بندی سے نکالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک نیشنل اسپورٹس کونسل تشکیل کی جائے گی، جس کے ذریعے وفاق اور صوبوں کو یکجا کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپورٹس اور ٹورزم اس وزارت کے اہم ترین شعبے ہیں،ا سپورٹس فیڈریشنز کو بحال کیا جائے گا۔