ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے کو اپنی طاقت دکھائی، حسین حقانی

April 15, 2024

فوٹو: فائل

امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے موجودہ تنازعے کا فلسطین تنازعے سے تعلق نہیں، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو اپنی طاقت دکھائی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے حسین حقانی کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو غیر مقبول ہوچکے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم کی حکومت کمزور ہے اس کی اپنی سیاسی مجبوریاں ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل میں آج الیکشن ہو تو نیتن یاہو ہار جائے گا، اسے انتہا پسند اسرائیلیوں کی حمایت حاصل ہے۔

پاکستان کے سابق سفیر کا کہنا تھا کہ لبنان میں حزب اللّٰہ نے بھی اسرائیل کے خلاف شمالی محاذ نہیں کھولا۔

انکا کہنا تھا کہ اسرائیل اور ایران کا حالیہ معاملہ ختم نہیں ہوا لیکن کم ضرور ہوگا۔ ایران دکھانا چاہتا تھا کہ وہ سرخ لکیر کھینچ رہا ہے اس طرح ان کے لوگوں کو دیگر ممالک میں نہ مارا جائے۔

حسین حقانی نے کہا کہ اسرائیل پیغام دینا چاہتا تھا کہ پڑوسی ممالک میں بیٹھے اسرائیل مخالف منصوبہ بنانے والوں کو نشانہ بنا سکتا ہے، ایران نے حملہ کر کے جواب دے دیا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو اپنی طاقت دکھائی۔