میرپور خاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان

April 16, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے میرپورخاص میں پیپلز بس سروس شروع کرنے اور کراچی میں پنک بس سروس کے 2نئے روٹس 19اپریل سے شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن کی زیر صدارت پیر کو یہاں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی) کمال دایو نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں 10نئی بسز بھی پنک بس سروس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنک بس سروس کے نئے روٹس کا افتتاح 19 اپریل کو ہوگا، جب کہ 20 اپریل سے میرپورخاص کے عوام کے لئے بھی پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی، کیش لیس آٹومیٹڈ فیئر کلیکشن اسمارٹ کارڈ 25 اپریل سے لانچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں سستی اور آرامدہ بس سروس پیپلز پارٹی کی قیادت اور حکومت سندھ کا وژن ہے، ٹرانسپورٹ کے مضبوط نیٹ ورک سے روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گےاور اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ ٹرانسپورٹ کے منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ اجلاس میں مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں ریڈ لائن بی آر ٹی، گرین لائن اور یلو لائن پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔