سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا: وزیرِ اعظم شہباز شریف

April 16, 2024

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ بے مثال تعلقات ہیں، سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔

سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِاعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچ گئے جہاں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ان کا استقبال اور پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر سعودی وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورۂ پاکستان خوش آئند ہے، یہ دورہ پاک سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی وزیرِاعظم ہاؤس اسلام آباد آمد کے موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب سے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کاخواہاں ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد سے آگاہ کیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔

وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔

وفد نے وزیرِاعظم شہبازشریف نے کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل آج ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں دو طرفہ سرمایہ کاری پر گفتگو ہو گی، جبکہ مختلف معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو ہوئی، وزیر ِ اعظم شہباز شریف نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر بھی گفتگو ہوئی۔

سعودی وفد کا دورۂ پاکستان، وزیرِ اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ سعودی عرب کے تناظر میں ہو رہا ہے۔