متحدہ عرب امارات میں بارش کے پیشِ نظر دفاتر اور تعلیمی اداروں کیلئے ہدایات

April 16, 2024

ـــ فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات میں شدید بارش سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرلیے گئے ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، دفاتر کو ورک فرام ہوم جبکہ تعلیمی اداروں کو طلباء کے لیے آن لائن کلاسز کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اماراتی حکومت مشرق وسطیٰ میں بدلتے موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کے تحت جانی و مالی نقصان سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرتی نظر آرہی ہے۔

دبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

اُن کا یہ فیصلہ ملازمین اور دیگر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اماراتی حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اماراتی حکام نے نجی شعبے کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ملازمین کے لیے ورک فرام ہوم کے انتظامات کریں اور موسم کے اتار چڑھاؤ کے دوران ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

شدید بارشوں کے دوران شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہےاور موٹرسائیکل سواروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات میں ایمرجنسی پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام نے بھی عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کیے ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں منگل اور بدھ یعنی آج اور کل 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔