سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے عملی اقدامات پر کام شروع ہوچکا: گوہر اعجاز

April 16, 2024

سابق نگراں وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز ـــ فائل فوٹو

سابق نگراں وزیر تجارت و صنعتگوہر اعجاز کا کہنا ہے کہسعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے عملی اقدامات پرکام شروع ہوچکا ہے۔

گوہر اعجاز نے اپنے بیان میں کہا کہ نگراں حکومت کے دور میں جی سی سی معاہدہ کیا گیا، سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ بھی کیا گیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ایس آئی ایف سی، سرمایہ کاری بورڈ نے سرمایہ کاری سے متعلق تحفظات کو دور کیا۔

سابق نگراں وزیر تجارت و صنعت نے کہا کہ سعودی عرب کا پرائیویٹ سیکٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریکوڈک مائنز میں سعودی سرمایہ کاری معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

گوہر اعجاز نے بتایا کہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں سعودی عرب کی گہری دلچسپی ہے، سعودی فنڈز پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں بہترین سرکاری کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی ریاست ہے اس لیے پاکستان میں سرمایہ کاری پر خطے میں سب سے زیادہ منافع ملتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام سے پاکستان کے مسائل حل ہو سکتے ہیں، پاکستان کو معاشی روڈ میپ، سرمایہ کاری کا ماحول بنانے کی ضرورت ہے۔