مشیرخزانہ کے پی کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل

April 16, 2024

فائل فوٹو

خیبر پختونخوا حکومت کےمشیر خزانہ مزمل اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہافسوس ہے کہ نااہلوں سے صرف سختیاں ہی عوام کے نصیب میں ہیں۔

ایک بیان میں مزمل اسلم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھتی تو پی ڈی ایم کیا ردعمل دیتی؟

مشیر خزانہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی وزیرِ اعظم ہوتے تو پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے ساتھ ریلیف بھی دیتے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 53 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 293 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 290 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 6 روپے 69 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 193روپے 8 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے 54 پیسے اضافے سے 174روپے 34 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔