ضمنی الیکشن: پرویز الہٰی کی ووٹرز، پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست دائر

April 17, 2024

پرویز الہٰی—فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب، پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے ضمنی الیکشن میں ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کرنے سے روکنے کی درخواست دائر کر دی۔

پرویز الہٰی کی دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، گجرات پولیس اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار پی پی 32 سے ضمنی الیکشن میں امیدوار ہیں، پولیس درخواست گزار کے سپورٹرز اور فیملی ممبران کو ہراساں کر رہی ہے، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے وقت بھی وکلاء کو ہراساں کیا گیا۔

پرویز الہٰی کی دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر اور پولیس دیگر مخالف امیدوار کی مکمل سپورٹ کر رہے ہیں، صوبائی وزیر شافع حسین حلقے میں مخالف امیدوار کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، حلقے میں الیکشن قوانین اور ضابطۂ اخلاق کی خلاف وزری کی جا رہی ہے۔

دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پرویز الہٰی کے ووٹرز کو پولیس و دیگر کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

پرویز الہٰی کی درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ عدالت پولنگ ایجنٹس کو بھی ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔