میٹروپولیٹن کے اختیارات دیگر محکموں کے سپردکردیئے گئے‘ رحیم کاکڑ

April 18, 2024

کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ، اقبال شاہ ایڈووکیٹ، میر وائس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ اور عمر فاروق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن عملاً ختم ہوچکی ہے کیونکہ اس کے تمام اختیارات خصوصاً پرائس کنٹرول کمیٹیاں ضلعی انتظامیہ ہوٹل و بیکری وغیرہ فوڈ اتھارٹی اور اب شہر میں صفائی کا کام پی ڈی ایم اے کے حوالے جبکہ ترقیاتی عمل ایم پی ایز کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن جس کا ایک تاریخی پس منظر ہے اور بلدیاتی نظام معاشرے میں ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے ، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ضروریات کو پورا کیا جاتا لیکن یہاں سب کرپشن کی نذر کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کرپٹ نظام کی ہمیشہ مذمت کرتی رہے گی۔ درایں اثناء ایک اور بیان میں محمد رحیم کاکڑ نے گزشتہ روز نوشکی میں 9مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل ہماری روایات سے تعلق نہیں رکھتا حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کو فوری طور پر معاوضہ ادا کرے۔