یشما گل کا اسپتال میں خیال کس نے رکھا؟

April 20, 2024

--- فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے رواں سال فروری میں بذریعہ سوشل میڈیا اپنی خیریت کی اطلاع دی تھی، تاہم اب انہوں نے نئی پوسٹ شیئر کرکے بتایا کہ کس نے اس مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد نئی پوسٹ شیئر کی ہے۔

اس نئی پوسٹ میں انہوں نے اپنے ان تمام دوستوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے اداکارہ کا اس مشکل وقت میں ساتھ دیا اور اہل خانہ کی طرح ان کا خیال بھی رکھا۔

یشما گل کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ 6 ویڈیوز اور 3 تصاویر پر مشتمل ہے جن میں سے بیشتر میں ہانیہ عامر، ان کے ارد گرد ان کا خیال رکھتی نظر آئی ہیں۔

5 ویڈیوز اور 1 تصویر میں ہانیہ عامر کو اداکارہ کا بھرپور انداز میں خیال رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک ویڈیو میں ہانیہ عامر دلچسپ انداز میں ڈاکٹر سے سوال کر رہی ہیں کہ ’یہ بچ تو جائے گی ناں؟ اسے کھانا کھلا دوں؟‘۔

یشما گل نے اپنی پوسٹ میں طویل کیپشن شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ میں یہ بہت دیر سے پوسٹ کر رہی ہوں لیکن جتنا شکریہ ادا کروں وہ کم ہے، میں مکمل صحت یاب ہونے کا انتظار کر رہی تھی۔

انہوں نے لکھا کہ میں یہ نہیں بتاسکتی کہ آپ کی دعاؤں اور سہارے نے میرے بدترین وقت کو میرے لیے کتنا آسان بنا دیا۔

انہوں نے اپنے تمام دوستوں کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ تمام خوبصورت لوگوں کے لیے شکریہ بہت چھوٹا لفظ ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ہانیہ عامر کو ٹیگ کرکے ان کے لیے بہن کا لفظ استعمال کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ ہانیہ نے رات بھر اسپتال میں ان کا خیال رکھا اور قیام کیا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان لوگوں کو بھی ٹیگ کیا جو ویڈیوز اور تصاویر میں تو نظر نہیں آئے تھے لیکن ان کے مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے تھے۔

واضح رہے کہ یشما گل نے اپنی سرجری اور خیریت کی خبر تو مداحوں کے ساتھ شیئر کی لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں کیا ہوا تھا اور وہ کس مسئلے کے سبب زیر علاج تھیں۔