کوہلومیں ری پولنگ تاحال شروع نہ ہو سکی

April 24, 2024

—فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع کوہلو کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 9 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں اب تک دوبارہ ووٹنگ کا عمل شروع نہیں ہو سکا۔

ڈی سی کوہلو کے مطابق امن و امان کی صورتِ حال اور غیر محفوظ راستے کی وجہ سے عملہ پولنگ اسٹیشن نہیں پہنچ سکا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بھی انتخابی کیمپ میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کا کارکن جاں بحق ہو گیا تھا۔

ڈی سی کوہلو نے بتایا ہے کہ ایف سی اور لیویز کی بی ڈی ٹیم علاقے میں موجود ہے، انتخابی عملہ اور پولنگ ایجنٹس سیکیورٹی فورسز کے حفاظت میں پولنگ اسٹیشنز جا رہے ہیں۔

بعض اطلاعات کے مطابق پولنگ کا عملہ صبح ساڑھے 6 بجے کوہلو شہر سے روانہ ہوا تھا۔

واضح رہے کہ کوہلو میں آج ری پولنگ کے موقع پر ایک پولنگ اسٹیشن پر راکٹ حملہ کیا گیا جبکہ صبح سویرے بارودی سرنگ کا دھماکا کیا گیا تھا۔

لیویز ذرائع کے مطابق نساؤ پولنگ اسٹیشن کے قریب نامعلوم سمت سے راکٹ داغا گیا ہے، تاہم اس راکٹ حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

لیویز ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آج علی الصبح نساؤ روڈ پر بارودی سرنگ کا دھماکا بھی ہواتھا، جس سے وڈیرہ رب نواز محفوظ رہے تاہم ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

واضح رہے کہ کوہلو کے حلقہ پی بی 9 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں آج ری پولنگ ہونا ہے۔