کورنگی میں 4 پولیس اہلکاروں کے قتل کے ملزم کو سزا سنادی گئی

April 24, 2024

کراچی کے علاقے کورنگی میں ریسٹورنٹ میں 4 پولیس اہلکاروں کے قتل کے مقدمے میں ملزم کو سزا سنا دی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے ملزم آصف کٹو کو 4 مرتبہ سزائے موت کا حکم دے دیا، عدالت نے ملزم پر مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔

عدالت نے ملزم کی جائیداد تحویل میں لینے کا حکم دے دیا، جبکہ سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزم فہیم لودھی کو بری کردیا گیا۔

سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2015 میں 4 پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی، مفرور 2 ملزمان بلال اور عبدالسلام پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں، ملزم آصف کٹو کو 2 عینی شاہدین نے شناخت کیا تھا۔