سپریم کورٹ نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کو بحال کر دیا

April 25, 2024

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی—فائل فوٹو

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کو بحال کر دیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا اسپیکر کی معطلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

عدالتِ عظمیٰ نے پی بی 51 چمن کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا الیکشن کمیشن کا حکم بھی کالعدم قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ نے تمام امیدواروں کی رضا مندی سے معاملہ دوبارہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن تمام امیدواروں کو سن کر 10 روز میں فیصلہ کرے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کس ضابطے کے تحت الیکشن کمیشن نے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کا حکم دیا؟

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 12 پولنگ اسٹیشنز کو دیکھا مگر دیگر کو نظر انداز کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء نے کہا کہ جن 12 پولنگ اسٹیشنز پر زیادہ ٹرن آؤٹ کی درخواست کی گئی صرف انہی کو دیکھا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے مخالف امیدوار اصغرخان اچکزئی کی درخواست پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ کا حکم دے کر اسپیکر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عبدالخاق اچکزئی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔