ہائیکورٹ، لڑکی سمیت 7 لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے مقدمات درج کرنے کا حکم

May 10, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لڑکی سمیت 7لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت پر متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرنے کا حکم دیدیا اور وفاقی حکومت اور دیگر اداروں سے 15مئی سے رپورٹ طلب کرلی ، لاپتا لڑکی کی ماں اور دیگر افراد کے اہلخانہ نے کہا کہ برسوں گزرنے کے باوجود پولیس کچھ پتا نہیں لگا پارہی کہ یہ گئے کہاں؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ رئیس نامی لاپتا شہری ذہنی مریض ہے، جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ اگر ذہنی مریض بھی ہے تو تلاش کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، ادھر ادھر کی باتیں کرکے پولیس اپنے آپ کو بری الزمہ نہیں کرسکتی ، لڑکی بنگلے سے لاپتا ہوئی ہے کون تلاش کرے گا، عدالت نے شہری رئیس، موسی ٰخان، دریا خان، مسماۃ رمشا اور دیگر کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے اور تھانہ اسٹیل ٹاؤن، موچکو، سپر مارکیٹ کو گمشدہ شہریوں کے مقدمات درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی لاپتا شہریوں کی گمشدگی کے مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔