عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ

May 21, 2024

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو— فائل فوٹو

عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے جنگی جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چیف پراسیکیوٹر کریم خان نےاسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو، ان کے دفاعی سربراہ یؤو گیلنٹ اور حماس کے 3 رہنماؤںکے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کریم خان کا کہنا ہے کہ غزہ میں 7 ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری جنگ کے بعد عالمی عدالت کے پاس یہ ماننے کی معقول بنیادیں ہیں کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو، ان کے دفاعی سربراہ یؤو گیلنٹ، حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار، حماس کے عسکری ونگ کے کمانڈر انچیف محمد المصری اور حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ اسماعیل ہانیہ مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ذمے دار ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں نے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کی جانب سے لگائے گئے جنگی جرائم کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کے مطالبے پر شدید تنقید کی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فرانس نے مغربی اتحادیوں کے برعکس عالمی فوجداری عدالت کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔

اس حوالے سے فرانسیسی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ عدالت پر منحصر ہے کہ شواہد دیکھ کر وارنٹ کے اجراء کا فیصلہ کرے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کی ناقابلِ قبول سطح اور امداد کی رسائی میں کمی پر مہینوں سے خبردار کر رہے ہیں۔