نجی تعلیمی اداروں نے موسم گرما تعطیلات کے حکم کو ہوا میں اُڑا دیا

May 26, 2024

راولپنڈی (ناصر چشتی/خصوصی نمائندہ) پنجاب حکومت کے واضح اعلان کے باوجود اکثر نجی سکولوں نے موسم گرما کی تعطیلات کے احکامات کو ہوا میں اُڑا دیا۔ گزشتہ روز سے موسم گرم کی چھٹیاں سرکاری اور نجی اسکولوں میں شروع کر دی گئیں مگر بعض چھوٹے نجی سکولوں نے فیسوں کی وصولی کے چکر میں چھٹیاں نہیں دیں جس کی وجہ سے شدید گرمی میں چھوٹے بچوں اور اُنکے والدین کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح احکامات کے باوجود ضلعی حکومت اور محکمہ ایجوکیشن کے ذمہ داران کی عدم توجہ کے باعث معصوم بچوں کا شدید گرمی میں برا حال ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق ہر ماہ کی فیس ہر ماہ وصول کرنی چاہئے مگر اس حکم کے باوجود والدین سے دو دو ماہ کی فیس کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ادھر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کو یہ احکامات جاری کئے ہیں کہ تعطیلات میں نجی سکولوں کی بندش کو یقینی بنایا جائے‘ ناکامی پر ذمہ دار ایجوکیشن افسر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ احکامات گزشتہ روز جاری کئے گئے مگر ان تمام احکامات کے باوجود گلی محلوں میں تمام سکول کھلے ہوئے ہیں جبکہ شدید گرمی میں بچوں کا برا حال ہے۔ والدین نے تعلیمی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ موسم گرما کی تعطیلات وقت پر ہونی چاہئیں۔