جڑواں شہروں میں درجنوں وارداتیں، شہری سرقہ بالجبر، سٹریٹ کرائم، چوری وارداتوں میں لٹتے رہے

June 17, 2024

راولپنڈی‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں سرقہ باالجبر‘ سٹریٹ کرائم‘ قفل شکنی‘ نقب زنی‘ راہزنی اور چوری کی درجنوں وارداتوں میں شہری 9موٹر سائیکلوں، طلائی زیورات، موبائل فونز اور نقدی وغیرہ سے محروم ہو گئے۔ تھانہ رتہ امرال‘ نیو ٹاؤن‘ نصیر آباد‘ ائرپورٹ اور تھانہ ٹیکسلاکے علاقوں میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار دندناتے اور وارداتیں کرتے رہے۔ تھانہ مندرہ ٹول پلازہ کے قریب 3ملزمان محمد عدنان سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل، موبائل فون اور 3ہزار چھین لے گئے۔ نیو چاکرہ میں 2ملزمان محمد عرفان سے موبائل اور 28ہزار چھین لے گئے۔ ڈھوک کھبہ‘ کمرشل مارکیٹ‘ ڈھوک کالا خان‘ ٹرانسفارمر چوک‘ مجسٹریٹ کالونی‘ واہ ماڈل ٹاؤن کے علاقوں میں عوام لوٹ لئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں سرقہ بالجبر‘ سٹریٹ کرائم‘ نقب زنی اور چوری کی 35وارداتوں میں 3کاریں اور 12موٹر سائیکل اڑا لئے گئے۔ ایک موٹر سائیکل اور 10موبائل فون اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے۔