حماس اور اسلامک جہاد جنگ بندی پر آمادہ، اسرائیلی بمباری، مزید 40 شہید

June 12, 2024

کراچی، غزہ (نیوز ڈیسک، اے ایف پی ) غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کے دوران بھی اسرائیلی فورسز کے بے رحمانہ حملے جاری رہے، 24گھنٹوں کے دوران مزید 40فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ،مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے قریب فلسطینی گاوں کفر دان پر اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 6فلسطینی شہید ہوگئے، حماس کے رہنما عبدالحکیم ہنینی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ کے فلسطینی اسرائیلی مظالم کے آگے ہتھیار ڈالیں گے اور نہ ہی اپنی سرزمین چھوڑیں گے ، حماس اور اسلامک جہاد نے جنگ بندی کی تجویزتسلیم کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے ، دونوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ انہوں نے غزہ جنگ بندی کے مجوزہ معاہدے پر اپنا جواب قطری اور مصری ثالثوں کو جمع کروادیا ہے ، دونوں گروپوں نے کہا کہ ہمارا ردعمل فلسطینی عوام اور غزہ پر جاری حملے کے مکمل خاتمے کو ترجیح دینا ہے، مصر اور قطر نے تصدیق کی ہے کہ انہیں جنگ بندی معاہدے کے بارے میں حماس کی جانب سے جواب موصول ہوگیا ہے، دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کیساتھ مل کر جنگ بندی کیلئے ثالثی کی کوششیں جاری رکھیں گے اور جلد ہی حماس کے جواب کا جائزہ لیں گے ،اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات سےو اقف ایک ذریعے نے ا ے ایف پی کو بتایا کہ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی تجویز پر حماس کے سرکاری ردعمل میں "ترمیم" شامل ہے، ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ حماس کے جواب میں اسرائیلی تجویز میں ترامیم شامل ہیں، جس میں مستقل جنگ بندی کی ٹائم لائن اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوجیوں کے مکمل انخلاء شامل ہیں۔حماس کے سینئر عہدیدار سامی ابو زہری نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حماس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے منظور کی گئی جنگ بندی کی قرارداد پر اتفاق کیا ہے۔