اقوام متحدہ نے حوثیوں کے زیر حراست عملے کیخلاف الزامات کو مسترد کر دیا

June 12, 2024

جنیوا (اے ایف پی) اقوام متحدہ کے حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے گزشتہ روزجاسوسی نیٹ ورک کا حصہ ہونے کے الزامات کو صاف طور پر مسترد کرتے ہوئے یمن کے حوثی باغیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے زیر حراست عملے اور دیگر امدادی کارکنوں کو فوری اور غیر مشروط رہا کریں۔ پیر کو حوثیوں نے کہاتھا کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے جنہیں گرفتار کیا تھا وہ ایک امریکی اسرائیلی جاسوسی نیٹ ورک کا حصہ تھے، انہوں نے مزید کہا کہ پکڑے گئے افراد بین الاقوامی اداروں اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کی آڑ میں کام کرتے تھے۔وولکر ترک نے ایک بیان میں کہاکہ میں اپنے عملے کے خلاف اشتعال انگیز الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتا ہوں، اور میں ان حالات پر سخت پریشان ہوں جن میں انہیں رکھا گیا ہے۔