پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے تیار ہیں، چینی وزارت خارجہ

June 12, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کیساتھ تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے تیار ہے، انہوں نے کہا اپنے دورہ بیجنگ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی کو کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی اور پاکستان چین کا سب سے بڑا قابل اعتماد دوست اور شراکت دار بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کو پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کیا۔ انہوں نے پاکستان کی بھرپور حمایت، تعاون پر مبنی تعلقات کو مضبوط بنانے، اسٹریٹجک کوآرڈینیشن کو گہرا کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے کا خواہاں ہے۔