امریکہ کا غزہ کے فلسطینیوں کیلئے 40 کروڑ ڈالر سے زائد امداد کا وعدہ

June 12, 2024

سویمہ (اے ایف پی) امریکہ نے گزشتہ روز اردن میں ہنگامی سربراہی اجلاس میں فلسطینیوں کے لیے 40کروڑڈالر سے زائد نئی امداد کا وعدہ کیا، جہاں عالمی رہنماؤں نے جنگ سے تباہ حال غزہ کی مدد کے لیے واحد حتمی حل جنگ بندی کے لیے امریکی دباؤ کی حمایت کی۔اردن اور مصر نے بحیرہ مردار پر فوری مذاکرات کا مطالبہ کیا کیونکہ امدادی گروپوں نے متنبہ کیا کہ غزہ میں حالات پہلے سے کہیں زیادہ بدتر ہیں، تقریباً 20 لاکھ سے زائد کی آبادی وقتاََ فوقتاََ امداد کی ترسیل پر انحصار کررہی ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی تجویز پر دباؤ ڈالنے کیلئےامریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کےدورے پرہیں،انہوں نے فلسطینیوں کو خوراک، پینے کے پانی، صحت کی فراہمی اور دیگر امداد کے لیے 40 کروڑ 40 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کے ناقدین پر جوابی وار کرتے ہوئےانٹونی بلنکن نے نشاندہی کی کہ فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کی اپیل کا ایک تہائی فنڈ فراہم کیا گیا تھا، جس میں2 ارب 30 کروڑڈالر کی کمی تھی۔