گوجرانوالہ، امریکا سے میچ ہارنے پر قومی ٹیم کیخلاف پٹیشن دائر

June 12, 2024

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں امریکا سے ہار کا معاملہ عدالت پہنچ گیا۔

امریکا کے ہاتھوں شکست پر دلبرداشتہ گوجرانوالہ کے وکیل نے اندارج مقدمہ کیلئے رٹ پٹیشن دائر کر دی۔

رٹ پٹیشن میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، ٹیم اراکین، مینجر، کوچ اور سلیکٹر کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے مقدمہ کے اندراج کے حوالے سے پولیس سےرپورٹ طلب کر لی۔

گوجرانوالہ کے ایڈووکیٹ منظور قادر بھنڈر نے ایڈیشنل سیشن جج تمثال زیب نعیم کی عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پی سی بی میں سیاسی سربراہ لگانے سے کرکٹ کی تباہی کا آغاز ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 جون کو امریکا کے خلاف میچ میں پاکستان کی عزت کا سودا کیا گیا اور رہی سہی کسر 9 جون کو بھارت کے خلاف میچ میں پوری کر دی گئی۔

انہوں نے درخواست میں کہا کہ میچ ہارنے سے 24 کروڑ عوام کے ساتھ سائل کے جذبات بھی مجروح ہوئے ہیں لہذا کپتان بابر اعظم ، ٹیم اراکین، مینجر کوچ اور سلیکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔

عدالت نے سماعت کے بعد ایس ایچ او تھانہ اروپ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ رٹ پٹیشن کے حوالے سے رپورٹ 21 جون کو عدالت میں جمع کروائی جائے۔