امریکی فوج کا کورونا کے دوران خفیہ اینٹی ویکسین مہم چلانے کا انکشاف

June 15, 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کی فوج طرف سے کورونا کی عالمی وبا کے دوران چین کی کوششوں کیخلاف خفیہ اینٹی ویکسین مہم چلانے کا انکشاف ہوا ہے، مقصد چین کی کوششوں کو نقصان اور فلپائن میں بیجنگ کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کا مقابلہ کرناتھا ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ کس طرح امریکی فوج نے عالمی وبا کے دوران چین کی طبی کوششوں کو بدنام کرنے کے لئے ایک خفیہ پروگرام شروع کیا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کی ایک تحقیقات سے پتا چلا ہے CoVID-19 کے عروج پر، امریکی کی فوج نے فلپائن میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک خفیہ مہم چلائی ، یہ ملک خاص طور پر مہلک وائرس کی زد میں تھا ۔فلپائنی شہریوں کے نام سے جعلی انٹرنیٹ اکاؤنٹس کے ذریعے امریکی فوج نے پروپیگنڈا کی کوششیں کیں جو انسداد ویکسی نیشن مہم میں تبدیل ہو گئیں۔ سوشل میڈیا پوسٹس میں چہرے کے ماسک، ٹیسٹ کٹس اور فلپائن میں دستیاب پہلی چینی ویکسین سائنوواک کے معیار کی مذمت کی گئی۔ خفیہ آپریشن کی اطلاع اس سے قبل نہیں دی گئی ۔برطانوی نیوز ایجنسی کی تحقیقات میں پتا چلا کہ اس کا مقصد ویکسینز اور دیگر جان بچانے والی امداد کی حفاظت اور افادیت کے بارے میں شکوک پیدا کرنا تھا جو چین فراہم کر رہا تھا۔ برطانوی نیوز ایجنسی نے X پر کم از کم 300 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی، جو آپریشن سے واقف سابق امریکی فوجی حکام کے بیانات سے مماثل تھے۔ تقریباً سبھی 2020 کے وسط میں بنائے گئے تھے اور ان کا مرکزی عنوان #Chinaangvirus - Tagalog برائے "چین وائرس تھا۔"