اکبر ایس بابر کا حکومت سے عدالتی کارکردگی سے متعلق وائٹ پیپر کے اجرا کا مطالبہ

June 15, 2024

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے گزشتہ دس برسوں کو ”تباہی کی دہائی“ قرار دیتے ہوئے حکومت سے عدالتی کارکردگی سے متعلق وائٹ پیپر کے اجرا کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس وائٹ پیپر کی بنیاد پر عدالتی اصلاحات کی جائیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وائٹ پیپر میں 2014 سے عدالت کے سامنے آنے والے مقدمات، انکی نوعیت اور انجام، مقدمات میں نامزد ملزمان، سزا یافتگان اور بری ہونے والوں کی تفصیل سمیت عدالتی عمل میں موازنہ اور تضادات کا جائزہ شامل ہونا چاہئے۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ عدالتی اصلاحات فعال جمہوریت کیلئے ناگزیر ہیں جو سیاسی پسند نا پسند کے بغیر عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کر سکیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ایک وائٹ پیپر جاری کرے جس کے ذریعے گزشتہ دس برسوں (تباہی کی دہائی) کے دوران عدالتی کارروائی و کارکردگی کو دستاویز کیا جاسکے۔