سابق بیوی کے دوسرے شوہر کے ہاتھوں پہلے شوہر اور اس کے بھائی کا قتل

June 21, 2024

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حالی روڈ کے علاقے مکرانی پاڑہ میں عید کے دوسرے روز سابق بیوی کے دوسرے شوہر نے فائرنگ کرکے پہلے شوہر اور اس کے بھائی کو قتل کردیا،ورثا کا لاشوں کے ہمراہ ماں جی ہسپتال کے قریب آٹو بھان روڈ پر دھرنا، روڈ بلاک کردیا، حالی روڈ پولیس نے مقتول بھائیوں کے والد کی مدعیت میں مقتول رفیق بلوچ کی سابق بیوی سمیت 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے،حالی روڈ تھانے میں مکرانی پاڑہ کے رہائشی مولا بخش بلوچ کی جانب سےدرج کرائے گئے کرائم نمبر 2024/70زیردفعہ 302,114,105پی پی سی میں کہاہے کہ اس کے 3بیٹے اور 2بیٹیاں ہیں جن میں سے رفیق بلوچ شادی شدہ ہے، اس کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں ،ڈیڑھ ماہ قبل پڑوسی نوشاد ولد شمشاد عباسی نے رفیق کی بیوی مسماۃ وکیلا کو ورغلاکر اس سے کورٹ میرج کرلی جس پر اس کاتنازع نوشاد عباسی سے چل رہاتھا۔