KPK، گرڈ سٹیشن پر منتخب اراکین کیساتھ دھاوے جاری، 4 مقدمات درج

June 21, 2024

اسلام آبا د ،پشاور( نمائندہ خصوصی ،جنگ نیوز) خیبر پختو نخوا میں گرڈسٹیشن پر منتخب اراکین کیساتھ دھاوے جاری،4 مقدمات درج، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معاملات افہام وتفہیم سے آگے بڑھیں گے ،چار بٹن اوپر نیچے کرنے سے کچھ نہیں ہو گا ، بجلی چوری یا لائن لاسز کا معاملہ روکنے کیلئے تعاون کرنا ہو گا، پیسکو چئیرمین نے کہا گرڈ سٹیشن پر حملوں سے بھاری نقصا ن پہنچا۔تفصیلا ت کے مطابق وزیراعلیٰٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکی فیڈرز بحال کرانے اور نیشنل گرڈ کی بجلی روکنے کی دھمکی کے باوجود صوبے کے مختلف شہروں میں 12 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے از خود مقرر 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کے حکم پر ان کے اپنے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی عمل نہ ہوا۔مردان میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے مالاکنڈ روڈ پر واپڈا دفتر کے سامنے دھرنا دیا جب کہ پشاور میں بھی شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پریشان نظر آئے۔نوشہرہ میں سنی اتحاد کونسل کے ایم این اے ذوالفقارخان نے کارکنوں کے ہمراہ پبی اور تاروجہ گرڈاسٹیشن پر دھاوا بول کر 12 فیڈرزکی بجلی زبردستی بحال کرادی جس پر پیسکو حکام نے رکن قومی اسمبلی کےخلاف مقدمہ درج کرانے کےلیے پولیس کو مراسلہ لکھ دیا۔دوسری جانب پیسکو چئیرمین نے کہا ہے کہ گرڈ سٹیشن پر حملوں سے بھاری نقصا ن پہنچا، ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ زیادہ نقصان والے فیڈرز پر زیادہ لوڈشیڈنگ ناگزیرہے۔