عید الاضحیٰ قریب، کیا اب تک آپ نے بھی فریج کی صفائی نہیں کی؟

June 15, 2024

--- فائل فوٹو

عید قرباں میں ابھی 1 دن باقی ہے، اگر آپ نے اب تک اپنے فریج کی صفائی نہیں کی ہے تو پھر انتظار کس بات کا ہے، ہمارے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کرکے جھٹ پٹ فریج کی صفائی کیجئے۔

تہوار چاہے چھوٹی عید کا ہو یا بڑی عید کا، گھر کی صفائی خصوصی طور پر گہرائی سے کی جاتی ہے۔

اگر موقع عید قرباں کا ہو تو فریج، ڈیپ فریزر کو بھی اچھی طرح سے صاف کیا جاتا ہے تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر گوشت اور دعوتوں کے لیے فریج اور فریزر خالی ملیں۔

خواتین عام طور سے ایسا اس لیے کرتی ہیں تاکہ گوشت مہنگا ہونے کے سبب وہ عام دِنوں میں جو پکوان نہیں بنا پاتیں، وہ بقر عید کے کاموں سے فارغ ہو کر باآسانی پکا لیں۔

فریج کی جمی ہوئی برف اور ناگوار بُو ختم کرنے کا طریقہ:

اگر فریج کی جمی ہوئی برف اور اس میں سے آنے والی بو سے پریشان ہیں تو بس یہ کرنا ہے کہ فریج میں جہاں جہاں آپ کو نشانات نظر آ رہے ہیں، بدبو آ رہی ہے یا پھر برف کی موٹی موٹی تہیں جمی ہوئی ہیں، ان جگہوں پر 2 سے 3 چمچ نمک ڈال کر فریزر کو 10 سے 15 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

نمک میں چونکہ الکلائنی خصوصیات اور ایل ڈی مرکبات پائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے نمکیات میں تیزی ہوتی ہے جو ہر سخت سے سخت جمی ہوئی چیزوں کو صاف کرنے میں مدد دیتی ہے۔

یوں سالوں سے جمی ہوئی برف بھی آسانی سے نکل جائے گی اور فریزر میں سے بدبو بھی نہیں آئے گی۔

جمی ہوئی برف اور ناگوار بُو ختم کرنے کے بعد صفائی کو برقرار رکھنے کا طریقہ:

ایک بار جب آپ فریج کو صحیح طریقے سے صاف کر لیں، تو آپ چند اجزاء لے سکتے ہیں جو کسی بھی قسم کی بدبو کے خاتمے کا سبب بنتے ہیں۔

کافی، لیموں، کڑی پتے اور لونگ جیسے اجزاء فریج میں رکھیں، اس کے علاوہ نیم کے پتے بھی کیڑے مکوڑوں سے دوری کے لیے فریج میں رکھے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ جب آپ فریج یا ڈیپ فریزر کی صفائی کر لیں تو اس میں المونیم یا باریک پلاسٹک بچھا دیں تا کہ گوشت کے پیکٹس فریزر کی سطح پر نہ چپک سکیں اور فریزر کی دیواروں پر گلیسرین لگادیں اس سے جمی برف نکالنے میں آسانی ہو گی۔

ائیر ٹائٹ کنٹینرز کا استعمال:

کسی بھی قسم کی بچ جانے والی چیزوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے اور حفظان صحت کا خیال رکھتے ہوئے ائیر ٹائٹ کنٹینرز کا استعمال کریں۔

ایک ائیر ٹائٹ کنٹینر باکس سے باہر آنے والی کسی بھی قسم کی بدبو کو روک دے گا۔

سرکہ:

اگر آپ سرکے کو پانی میں ابالیں اور پھر اسے اپنے فریج میں 4 سے 6 گھنٹے کے لیے رکھیں تو یہ آپ کے ریفریجریٹر میں موجود کسی بھی قسم کی بدبو کو جذب کر لے گا۔

گوشت کو محفوظ کرنے کا طریقہ:

فریج کی صفائی کے بعد جب آپ اپنے گوشت کو محفوظ کریں تو فریزر میں ایک پیالے میں نمک اور بیکنگ سوڈا ڈال کر چھوڑ دیں، اس طرح گوشت بھی تازہ رہے گا اور بدبو بھی نہیں آئے گی۔