الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر اہل غزہ کیساتھ عید منانے مصر روانہ

June 16, 2024

کوئٹہ(پ ر)صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن غزہ مہاجرین کے ساتھ عید منانے مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہوگئے ۔ جہاں وہ اہل پاکستان کی جانب سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کیلئے عطیہ کی گئی قربانیوں کا گوشت تقسیم کریں گے،یتیم بچوں اور غزہ کے متاثرہ خاندانوں میں تحائف تقسیم کریں گے۔ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے کہاکہ غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن غزہ، مصر اور پاکستان کے اندرقربانی کااہتمام کررہی ہے۔ پہلی ترجیح غزہ میں میسر جانور ہیں الخدمت کو جتنے بھی جانور غزہ میں میسر ہیں ان کی قربانی کا اہتمام کیاجائے گااس کے بعد ترجیح قاہرہ مصرمیں قربانی کا اہتمام ہے۔ قاہرہ میں الخدمت کی ٹیم فلسطینی مہاجرین میں گوشت کی تقسیم کے ساتھ ساتھ پیکنگ کے بعدٹرکوں کے ذریعے غزہ پہنچائے گی۔ غزہ اور مصر کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن نے کراچی میں جدید سلاٹرہاؤس کاانتخاب کیاہے جہاں عوام کی جانب سے فلسطین کیلئے عطیہ کئے گئے جانوروں کی قربانی کے بعد گوشت کوپراسس کرکے ٹن پیک میں بندکرکے فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے غزہ کے مسلمانوں تک پہنچایاجائے گا۔