یونین کو تسلیم کرانے کیلئے یوکے امیزون ورکرز ووٹ ڈالیں گے

June 21, 2024

لندن (پی اے) یونین کو تسلیم کرانے کیلئے یوکے امیزون ورکرز ووٹ ڈالیں گے، اس کا مقصد یہ ہے کہ امیزونبرطانیہ میں ٹریڈ یونین کا تسلیم کرے۔ ووٹنگ میں ورکرز اس بات کا اظہار کریں گے کہ کیا وہ چاہتے ہیں کہ جی ایم بی ان کی نمائندگی کرے، جی ایم بی کو نمائندگی کا حق دینے کیلئے 40فیصد ووٹروں کی حمایت ضروری ہے۔ امیزون کا کہنا ہے کہ ورکرز کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کس یونین کو اپنی نمائندگی کا حقدار تسلیم کریں۔ امیزون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے ساتھ جڑے رہنے کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ اگر یونین کامیاب ہوگئی تو کمپنی کو ورکرز کی تنخواہوں اور شرائط وضوابط پر بات کرنا پڑے گی۔ امیزون اسٹاف سے بھی کہے گی کہ وہ کمپنی کے جوابی دلائل سننے کیلئے میٹنگز میں شریک ہوں۔ ووٹنگ کیلئے 3 جولائی کو بیلٹ کام کے مقامات پر پہنچائے جائیں گے۔ جی ایم بی کا کہنا ہے کہ نتائج کا اعلان 15جولائی کو کیا جائے گا۔حکومت کی مرکزی مصالحاتی کمیٹی اس پورے عمل کی نگرانی کرے گی۔ جی ایم بی کی سینئر آرگنائزر کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی موقع ہوگا۔ امیزونایک اربوں پونڈ مالیت کی عالمی کمپنی ہے جو کوونٹری میں محنت کش طبقے کی جانب سے بہتر زندگی گزارنے کیلئے کوششوں کو دبانے کیلئے بھاری توانائیاں لگا رہی ہے۔ ورکرز اب اٹھ کھڑے ہوئے ہیں کہ انھیں گنا جائے اور یونین کو تسلیم کرنے کیلئے ووٹنگ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ جی ایم بی نے پہلی مرتبہ 18 ماہ پہلے تسلیم کرانے کی مہم شروع کی اور امیزونکے ساتھ طویل تنازعے میں الجھی رہی تھی، جس کے دوران 30 دن سے زیادہ کی ہڑتال ہوئی تھی۔ امیزون کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے ملازمین کو کسی یونین میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا حق حاصل ہے، امیزون میں ہم روزانہ تبادلہ خیالات اور اس میں اپنے ملازمین کو شامل کرنے کو بڑی اہمیت دیتے ہیں، ہمارے کام کرنے کے کلچر کا یہ ایک بہت مضبوط حصہ ہے، ہم اپنے ملازمین کے ساتھ براہ راست تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ادارے میں اجرتوں کا آغاز ملامتوں کے مقام کی مناسبت سے12.30سے13 پونڈ فی ہفتہ ہے، ہم ورکرز کو مزید فوائد کام کرنے کا مثبت ماحول اور بہترین کیر یئر کے مواقع بہم پہنچانے کیلئے سخت جدوجہد کررہے ہیں۔