پاکستان نژاد اویس حسین نے گلاسگو یونیورسٹی میں نیا ریکارڈ بنالیا

June 27, 2024

اگلاسگو (طاہر انعام شیخ) ایک برٹش پاکستانی نوجوان اویس حسین نے گلاسگو یونیورسٹی میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے سول انجینئرنگ میں ایم ایس سی نہ صرف امتیازی پوزیشن کے ساتھ حاصل کی ہے اور پورے کورس کے 5سال میں فرسٹ آتے رہے ہیں بلکہ انہوں نے تین مختلف اداروں کی طرف سے اعلیٰ ترین کارکردگی کے خصوصی ایوارڈز بھی حاصل کئے ہیں، جس پر نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ اویس حسین کے اساتذہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے اور ان کی ایک ٹیچر نے خصوصی طور پر ان کے ساتھ تصویر بنوائی۔ اویس حسین نے جنگ اور جیو کو بتایا کہ یہ سب میرے والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے ۔ اویس کے والد میجر ماجد حسین نے کہا کہ اس ملک میں ہمارے بچوں کو پڑھائی میں آگے بڑھنے کے لئے بے پناہ مواقع ہیں۔ یہاں پر دنیا کا بہترین تعلیمی نظام ہے، میری تماموالدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر پوری توجہ دیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس وقت تقریباً تین لاکھ کے قریب برٹش پاکستانی نوجوان سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اگر انہوں نے محنت سے تعلیم حاصل کی تو اگلے دس سے پندرہ سالوں کے درمیان یہ برطانیہ میں زندگی کے ہر شعبے میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہے ہوں گے ۔