اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے مطالبے کا حامی نہیں، شاہد آفریدی

June 21, 2024


کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ کوئی بھی تصویر میری حمایت کی عکاسی نہیں کرتی ، اس جنگ کے خاتمے اور امن و آزادی کی دعا کرتا ہوں۔ یہ مجھے بدنام کرنے کی سازش تھی ۔ فلسطین میں معصوم لوگوں کو اذیت میں دیکھنا واقعی دل دہلا دینے والا ہے۔ تصور کریں کہ مانچسٹر کی ایک سڑک پر آپ کے مداح سیلفی لینے کیلئے کہیں اور پھر کچھ ہی دیر بعد اسے صہیونی حمایت کے طور پر انٹرنیٹ پر لگادیں۔ خیال رہے کہ برطانیہ کے ایک اسرائیلی گروپ ’نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل‘ کی جانب سے اپنے دو اراکین نے کرکٹرشاہد آفریدی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی گئی تھی اور پروپیگنڈا کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ کہ شاہد آفریدی نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے ہمارے مطالبے کی حمایت کی ہے۔شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بتایا کہ پوری دنیا میں مداحوں کے ساتھ تصاویر کھنچواتا ہوں۔ لوگوں سے درخواست کی کہ انٹرنیٹ پر نظر آنے والی ہر چیز پر یقین نہ کریں۔ شاہد آفریدی نے اسرائیل کے حامی گروپوں کی حمایت کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان لوگوں کے ساتھ سیلفی اس لیے لی تھی کیونکہ میرا خیال تھا کہ یہ لوگ عام مداحوں کی طرح ہیں ۔