توہین مذہب کا الزام، ہجوم کا تشدد، ذمہ دار ریاست ہے، تجزیہ کار

June 22, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق کے سوال سوات میں مشتعل افراد نے توہین مذہب کے الزام میں ایک شخص کو زندہ جلادیا، بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کیلئے کیا اقدامات کرنے چاہئیں؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ مذہبی معاملات پر لوگوں کو اشتعال دلانے والے اصل ذمہ دار ہیں، توہین مذہب کے الزام میں ہجوم کے تشدد کے واقعات کی ذمہ دار ریاست ہے، سوات کے واقعہ پر وزیرداخلہ کہاں ہیں۔پروگرام میں تجزیہ کار بینظیر شاہ ، ارشاد بھٹی ،عمر چیمہ اور مظہرعباس نے اظہار خیال کیا۔ بینظیر شاہ نے کہا کہ توہین مذہب کے الزام پر ہجوم کی جانب سے تشدد کے واقعات بڑھنے کی وجہ ریاست کا ردعمل ہے، سوات کے واقعہ پر وزیرداخلہ کہاں ہیں، ایک شخص پولیس کے سامنے قتل ہوگیا اور وزیرداخلہ وی پی این استعمال کر کے بتارہے ہیں میں کراچی میں کباب کھارہا ہوں، سرگودھا میں بھی ایک شخص قتل ہوا لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کا ابھی تک کوئی بیان نہیں آیا۔