جارڈن کی ہیٹ ٹرک، بٹلر کے زوردار چھکے، انگلینڈ 10 وکٹ سے کامیاب، سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم

June 24, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے امریکا کو دس وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ دفاعی چیمپئن نے میزبان ٹیم کے خلاف کسی رعایت کا مظاہرہ کیے بغیر چیمپئن والی کارکردگی دکھائی۔ انگلینڈ گروپ2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلے ٹیم ہے۔انگلینڈ نے تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے ہدف صرف 58 گیندوں پر پورا کرلیا اور امریکی بولرز کو 10.2 اوورز کرانے کی مشقت سے بچالیا۔ دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کل صبح ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کےمیچ سےہوگا۔کپتان جوز بٹلر نے چھکے چوکے لگاکر امریکی بولرز کو بھون ڈالا۔ان کی انتہائی جارحانہ 83رنز کی اننگز میں سات فلک بوس چھکے شامل تھے۔ برج ٹاؤن میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کے کرس جارڈن کی امریکا کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 5 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیسری ہیٹ ٹرک ہے۔ جارڈن نے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 47 کیچز لے کر سابق انگلش کپتان اوئن مورگن کا ریکارڈ بھی توڑا۔ بٹلر اور جارڈن کے کارناموں کے باوجود چار اوور میں 13 رنز دے کر دو وکٹ لینے والے اسپنر عادل رشید میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کرس جارڈن نے کورے اینڈرسن ، علی خان اور نوستوش اور سرابھ کو آؤٹ کرکے ایک اوور میں مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے صرف 2.5 اوورز ہی کرائے اس سے قبل انگلینڈ نے امریکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ امریکا نے انگلینڈ کو جیت کیلئے 116 رنز کا ہدف دیدیا۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپرایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے سامنے امریکا کا جادو نہ چل سکا، کرس جارڈن کی ہیٹ ٹرک کے باعث امریکا کی ٹیم آخری اوور میں 115 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی،امریکا کی جانب سے نتیش کمار نے سب سے زیاہ 30 رنز اسکور کیے جبکہ کورے اینڈرسن 29 اور ہرمیت سنگھ 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کرس جارڈن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اوور میں 4 وکٹیں لیں ،عادل رشید نے 13 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، لیونگ اسٹون اور ریسی ٹوپلے نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا،جواب میں انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے117رنز بناکر پورا کر لیا، جوز بٹلر نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے صرف38گیندوں پر چھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 83جبکہ فل سالٹ نے 21بالز پر25رنز بنائے ۔دونوں ناٹ آؤٹ واپس گئے۔ امریکی ٹیم کی آخری 5 وکٹیں بغیر کسی رن پر گرگئیں۔ امریکا کی ٹیم 115 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔