سندھ، سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ویو مریض، خاطر خواہ اقدامات کا فقدان

June 27, 2024

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ویو کے مریضوں کے لئے تاحال خاطر خواہ اقدامات نہیں کیےگئے، ہر اسپتال کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ الگ بستروں پر مشتمل وارڈ قائم کر دیا گیا ہے لیکن گرمی اور لُو سے متاثرہ تقریباً تمام افراد ہی شعبہ حادثات میں ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر ہو کر گھروں کو روانہ ہو رہے ہیں ایسے میں شعبہ حادثات میں بہتری اور انتظامات کی ضرورت ہے لیکن بیشتر اسپتالوں کے شعبہ حادثات میں پینے کے ٹھنڈے پانی تک کا بندوبست نہیں، عملے کی کمی ہےجبکہ ایئر کنڈیشنر بھی معمول کی ٹھنڈک نہیں دے رہے، ایسے میں مریض کے ساتھ تیماردار بھی گرمی اور پیاس سے بے حال ہو رہے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے عملی اقدامات کے بجائےاسپتالوں کے سربراہان اور ڈی ایچ اوز کے لئے ضروری اقدامات پر مبنی ہدایت نامہ اورہائی الرٹ گزشتہ ماہ جاری کیا گیا جس میں افسران کو ہدایت کی گئی کہصوبے میں گرمی کی حالیہ شدت اور ہیٹ ویو جیسی صورتحال کے پیش نظر عوامی مفاد میں تمام اسپتالوں اور صحت کی سہولیات کو 24گھنٹے الرٹ رکھا جائے ، گرمی کی صورتحال بہتر ہونے تک عملے کو چھٹیوں کی اجازت نہ دی جائے، ضرورت کے پیش نظر طبی اور پیرامیڈیکل اسٹاف بڑھایا جائے، عوامی مقامات پر ایمبولینس کھڑی کی جائے جس میں ڈرپس، کینولا، او آر ایس اور مستعد عملہ تعینات ہو تاکہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والے مریضوں کو ابتدائی سہولیات دے کرقریبی اسپتال منتقل کیا جائے، متاثرہ مریضوں کو سہولت دینے کے لئے اسپتالوں میں ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ہیٹ ویو کے ممکنہ مریضوں کے لئے خصوصی وارڈ قائم کیے جائیں جن میں ایئر کنڈیشنر، برف، جنریٹر اور پینے کا پانی رکھا جائے اور عوام کو ہیٹ ویو سے آگہی دینے کے لئے سیمینارز منعقد کیے جائیں۔