کراچی: شدید گرمی کے بعد تیز ہواؤں کیساتھ بارش

June 27, 2024

رپورٹر فوٹو

ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی جو آج انتہائی گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں تھا تاہم اچانک گہرے بادلوں نے اسے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی شروع ہو گئی۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال مشرقی حصے میں گرج چمک کے بادل ہیں جن کے باعث بارش ہوئی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹسردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی کے چند علاقوں میں اچھی بارش ہوسکتی ہے جبکہ دو سے تین دن شام کے وقت ہلکی اور معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش اور آندھی سے کچھ حد تک درجۂ حرارت کم ہو جاتا ہے، کل سے گرمی کی شدت میں کمی آجائے گی، اگلے دو دن تک درجۂ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ میں بارش ہورہی ہے اور نواب شاہ کی طرف بڑھ رہی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے بادل گلشنِ معمار اور مضافات میں داخل ہونے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے۔

ملیر، گڈاپ، سپرہائی وے، گلشنِ معمار، گلستانِ جوہر، گلشن اقبال،سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، گارڈن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔

اس سے قبل آج دن میں شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں تھا، دوپہر 2 بجے پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، جبکہ گرمی کی شدت 53 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی تھی، شہر کی فضا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔