کرکٹر محمد وسیم جونیئر نے مکہ مکرمہ میں نکاح کرلیا

June 28, 2024

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد وسیم جونیئر نے اپنی زندگی کی نئی اننگز کا خاموشی سے آغاز کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کھلاڑی نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے نکاح کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے اپنی دلہنیا کے مہندی والے ہاتھ تھامے لی گئی تصویر اپنے انسٹااکاؤنٹ سے شیئر کی ہے، مذکورہ تصویر میں بیت اللہ کے مناظر بھی دکھائی دے رہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا نکاح مکہ مکرمہ میں ہوا ہے۔

کھلاڑی نے اپنی پوسٹ میں ایک اور تصویر شیئر کی ہے جس میں شادی شدہ جوڑا حالت احرام میں خانہ کعبہ کے مطاف میں موجود ہے، یہ تصویر عقبی جانب سے عکس بند کی گئی ہے اس لے اس حوالے سے کچھ بھی کہنا مشکل ہے کہ مذکورہ تصویر میں محمد وسیم جونیئر اور ان کی اہلیہ خود ہیں یا پھر یہ تصویر انٹرنیٹ سے لی گئی ہے۔

کھلاڑی نے تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے بذریعہ کیپشن میں قرآنی آیت درج کرکے اپنے نکاح کا اعلان کیا۔

انہوں نے سورۃ الانفال کی آیت تحریر کی جس کا ترجمہ کچھ یوں ہے کہ اور ان کے دلوں میں ایک دوسرے کی الفت پیدا کردی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سفید دل والے ایموجی اور نکاح کا ہیش ٹیگ استعمال کیا ہے۔

کھلاڑی کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کے اعلان کے بعد ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے مبارک باد اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔