واش سیکٹر کا بجٹ بڑھاکر مثبت استعمال کو یقینی بنایا جائے، سماجی رہنما ، صحافی

June 29, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سماجی رہنماؤں اور صحافیوں نے سینی ٹیشن کے نظام کی بہتری اور تعلیمی اداروں میں واش سیکٹر کی مستقل بنیادوں پر بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی صحت صفائی کے ساتھ منسلک ہے ، ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر بلوچستان میں واش سیکٹر کے فنڈ میں اضافہ کرکے جدید طریقہ کار اپنانے کی ضرورت ہے ، معاشرے کا ہر فرد اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے واش سیکٹر کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرے ۔ یہ بات ہوپ بلوچستان کے ہیڈ آف پروگرامز گل خان نصیر بلوچ ، واٹر اینڈ سینی ٹیشن نیٹ ورک کے صدر میر بہرام لہڑی ، محمد صادق ، بہرام بلوچ ، انعم ملک ، روبینہ ، خدیجہ مینگل اور دیگر نے ہوپ بلوچستان کے زیراہتمام فانسا نیٹ ورک کے تعاون سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب میں کہی ۔ اس موقع پر گل خان نصیر نے کہا کہ ان کی تنظیم نے فانسانیٹ ورک کے تعاون سے کوئٹہ شہرمیں سینی ٹیشن کے مسائل کو سائنسی بنیادوں پرحل کرنے کیلئے اسٹڈی کا اہتمام کیا جس میں رضا کاروں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا ، اسٹڈی کے دوران انکشاف ہوا کہ بلوچستان کے سالانہ بجٹ 2023 میں واش سیکٹر کیلئے انتہائی قلیل فنڈزمختص کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوپ آرگنائزیشن کی اسٹڈی میں سفارشات مرتب کی گئی ہیں جن میں حکومت بلوچستان کو تجویز دی گئی ہے کہ واش سیکٹر کے بجٹ کو بڑھاکر اس کے مثبت استعمال کو یقینی بنایا جائے ، تمام نمائندوں اور اداروں کی استعداد کار میں اضافہ اور مسلسل اجلاس منعقد کرکے محکموں کے درمیان رابطہ کاری کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔