پنشن ترامیم قبول نہیں ،ملازمین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ،پی ٹی یو ڈی سی

June 29, 2024

کوئٹہ (پ ر)پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئن نے پنشن ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ اس قسم کے اصلاحات اور ترامیم سے ملازمین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ۔ملازمین کی تنظیمیں صورتحال کو سنجیدگی سے لیں ۔یہاں جاری ایک بیان میں پی ٹی یو ڈی سی کے چیئرمین کامریڈ نذر مینگل ،صوبائی صدر غلام رسول ،کامریڈعمران ، ،کامریڈ یونس بلوچ ،یوسفی بلوچ،کامریڈ علی احمد اور دیگر نے کہاہے کہ پنشن ترامیم کی جوسمری تیار کی گئی ہے اس پر عملدرآمد سے ملازمین کے مراعات کو نقصان پہنچے گا ۔کسی سرکاری ملازم کی پوری سروس کا اصل ثمر پینشن ہی ہوتا ہے ۔وہ پوری سروس کے دوران اس امید پر رہتا ہے کہ پنشن ملے گا تو بچوں کے لیے مکان بناؤں گا،ان کی کی شادیاں کراؤں گا ۔لیکن اب سرکاری ملازم سے پنشن بھی چھینا جارہاہے ۔کامریڈ نذرمینگل نے کہاکہ ملازمین کی تنظیموں چاہے وہ وفاقی ہوں یا صوبائی ،ملازمین کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی قیادت کو چاہیے کہ وہ صورتحال کا سنجید گی سے جائزہ لیں اور اس کی روک تھام کے لیےجدوجہد اور احتجاج کےلیے تیار ہوجائیں ۔