آئندہ چھ ماہ تک سیکشن افسران ٹریفک و ریکارڈ کیپرز کی تقرریوں و تبادلوں پر پابندی

June 30, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے آئندہ چھ ماہ تک سیکشن افسران ٹریفک و ریکارڈ کیپرز کی تقرریوں و تبادلوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہاہےکہ ٹریفک ایس اوز اور ریکارڈ کیپرز کے خلاف شکایت پر ایس پی اور ڈی ایس پی انکے خلاف محکمانہ کاروائی کرینگے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اسکاؤٹ آدیٹوریم میں ٹریفک مینمجمنٹ ایشوز کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کی،آئی جی سندھ نے مزید کہاہےکہ سخت گرمی اور ہیٹ ویو کے باوجود انتہائی لگن اور جانفشانی سے فرائض کی انجام دہی پر میں ٹریفک پولیس افسران اورجوانوں کو سیلیوٹ پیش کرتا ہوں۔اس موقع پر کراچی پولیس چیف،قائم مقام ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ آئندہ یعنی اگلے چھ ماہ تک سیکشن افسران ٹریفک و ریکارڈ کیپرز کی تقرریوں و تبادلوں پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک ایس اوز اور ریکارڈ کیپرز کے خلاف شکایت پر ایس پی اور ڈی ایس پی انکے خلاف محکمانہ کاروائی کرینگے۔اس موقع پر انہوں نےایڈیشنل آئی جی کراچی سے کہا کہ وہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز ٹریفک کی تجویز پر ہی ایس اوز اور ریکارڈ کیپرز کی تقرری و تبادلے کی اجازت دینگے۔انہوں نے کہا کہ جون 2023 سے لے کر جون 2024 تک 255 ٹریفک ایس اوز اور 244 ریکارڈ کیپرز کی تقرریاں وتبادلے کیئے گئے تاہم ہمیں اس امر کا بخوبی ادراک ہونا چاہیئے کہ غیرمنطقی تقرریوں و تبادلوں سے ٹریفک اور انتظامی معاملات پر غیرمعمولی اثر پڑتاہے۔