مہنگائی کے مارے عوام پر پیٹرول بم گرادیا گیا، سیاسی، مذہبی رہنما

July 02, 2024

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ پر مختلف سیاسی اور مذہبی رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر عمل درآمد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ،مہنگائی اور بجلی کے بلوں کے مارے عوام پر حکومت نےپیٹرول بم گرادیاہے،فوری طور پر پئٹرولیم مصنوعات میں اضافہ واپس لیا جائے، پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر عوام پر پئٹرول بم گرا دیا گیا ہے، شہری پٹرول ڈلوائیں یا اپنے بچوں کو روٹی کھلائیں، مہنگائی کی وجہ سے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک علامہ بلال سلیم قادری شامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے غریب سفید پوش افراد اور تنخواہ دار طبقے کی جیبوں پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے،پاکستان سنی تحریک کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتی ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے،نئے بجٹ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ادویہ کی قیمتیں دگنی ہو گئی ہیں ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے،مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدراحمدندیم اعوان نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کا دعویٰ کرنے والے حکمران غربت نہیں بلکہ غریب کو مٹانے کی پالیسی اختیار کرچکے ہیں،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔مہنگی ترین بجلی اور ناجائز ٹیکسوں سے بھرپور بجلی کے بلوں نے عوام کو نچوڑ کررکھ دیا ہے۔