ایف آئی اے میں تفتیشی افسران کی قلت کا خدشہ

June 30, 2024

کراچی (اسد ابن حسن )سندھ ایف ائی اے میں تفشیشی افسر ان کی قلت کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔سندھ پولیس کے اے ائی جی اسٹیبلشمنٹ I سید سلمان حسن نے انسپیکٹر جنرل پولیس کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایف ائی اے کو 17 یوم قبل 12 جون کو مراسلہ تحریر کیا تھا کہ سندھ میں لاء اینڈ آڈر کی حالت کافی خراب ہے اور نفری کی کمی کا سامنا ہے۔اس وقت ایف ائی اے سندھ میں 112 افسران اور اہلکار ڈیپیوٹیشن پر تعینات ہیں لہذا چاہے ان کی مدت مکمل ہو گئی ہو یا باقی ہو ان کو فوراً واپس سندھ پولیس بھیج دیا جائے۔ مراسلے کے ساتھ فہرست بھی منسلک کی گئی ہے۔فہرست کے مطابق تفشیشی افسران جن میں انسپیکٹرز اور سب انسپیکٹر شامل ہیں ان کی تعداد 20/22 ہے جبکہ بیشتر تعداد اندرونی سندھ سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز کی ہے۔ایف ائی اے پہلے ہی افرادی قوت کی کمی کا شکار ہے اس نفری کے چلے جانے سے کافی مشکلات پیش ا سکتی ہیں۔واپسی کے عمل کے لیے ہیڈ کوارٹر میں مذاکرات جاری ہیں۔