منی بجٹ نہیں آئے گا، وزیر خزانہ

July 02, 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ منی بجٹ نہیں آئے گا، شرح سود میں کمی کی گنجائش موجود ہے، پاکستانی کرنسی مستحکم رہے گی، ریٹیلرز پر ٹیکس اطلاق ہونے جا رہا ہے، نان فائلرز کیلئے مارجن ہم سزا کی حد تک لے گئے ہیں، نان فائلرز اب تین چار پانچ بار ضرور سوچیں گے کہ وہ ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں آرہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آگے جا کر تنخواہ دار طبقے کو بتدریج ریلیف دیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ منی بجٹ نہیں آئے گا، جن چیزوں پر ٹیکس استثنیٰ (چھوٹ) دی ہے جیسے خیراتی اسپتال، بکس، میڈیکل آلات، فرٹیلائز وغیرہ ان کا استثنیٰ برقرار رہے گا۔اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ بلند شرح سود سے قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے، اس حوالے سے میری ذاتی رائے ہے کہ شرح سود میں کمی کی گنجائش موجود ہے۔